ٹیکسز میں کمی رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی:سادات شاہ
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ) صدر سیاحت برائے بین المذاہب امن و ترقی و صدر لیک شور کلب سید سادات حسین شاہ نے بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو دئیے گئے ریلیف کو ہوا کا خوشگوار جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کو ایک پرکشش منزل بنائیں گے۔ دس مرلہ تک کے گھروں اور دو ہزار مربع فٹ کے فلیٹس پر ٹیکس کریڈٹ کا اعلان اور حکومت کا مورگیج فنانسنگ کو بھی فروغ دینے کا فیصلہ بہت اہم اقدام ہے۔
جائیداد خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 سے کم کرکے 2.5 فیصد، 2.5 اور 3.5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد اور تین فیصد سے کم کرکے1.5 فیصد کرنے کی تجویز،کمرشل جائیدادوں ، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر 7 فیصد کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز،اسلام آباد کی حدود میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی چار فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز وہ اقدامات ہیں جن کا مطالبہ ہماری طرف سے بارہا کیا جا رہا تھا،ہم امید کرتے ہیں ان حکومتی اقدامات سے تعمیراتی سیکٹر میں ایک نئی جان آنے کی امید ہے اس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ متعلقہ صنعتوں جیسے سیمنٹ، اسٹیل، اور دیگر تعمیراتی مواد کی صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا۔












