پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود کا تاریخی اعزاز — 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان کے نامور مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی۔ صرف 9 سال کے مختصر عرصے میں یہ سنگِ میل عبور کرنے والے عرفان محسود پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔عرفان محسود نے تازہ ترین کارنامہ انجام دیتے ہوئے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 78 اسکواٹس مکمل کیے اور چینی اتھلیٹ کا 70 اسکواٹس کا عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ پش اپس کی کیٹیگری میں بھی عرفان محسود نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ یعنی 70 ریکارڈز قائم کیے ہیں۔ وہ 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ دنیا میں سب سے زیادہ ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔ عرفان محسود کی مہارت صرف پش اپس یا اسکواٹس تک محدود نہیں، وہ مارشل پش اپس، جمپنگ جیکس، نی سٹرائکس، سٹیپ اپس، سائیڈ جمپس، ایلبو سٹرائکس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس جیسی مشقوں میں بھی عالمی ریکارڈز قائم کر چکے ہیں۔

انہوں نے اب تک امریکہ، برطانیہ، چین، بھارت، جرمنی، ناروے، فرانس، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، شام، فن لینڈ سمیت 20 سے زائد ممالک کے عالمی ریکارڈز توڑ کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا ہے۔عرفان محسود کے 20 شاگرد بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں، جو ان کی تربیت اور رہنمائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سال 2023 میں عرفان محسود کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔ یہ اعزاز نہ صرف عرفان محسود کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر فخر کا باعث بھی ہے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں