پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی، وزیر اعظم کا قوم اور کھلاڑیوں کو مبارکباد کا پیغام
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے رائزنگ اسٹار ایشیاء کپ کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شاہینوں نے اپنی بہترین کارکردگی، پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیم ورک کے ذریعے ٹورنامنٹ میں قابلِ فخر کامیابی حاصل کی ہے۔وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں کی محنت، حوصلے اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی، ٹیم کے کوچز اور بورڈ حکام کو بھی اس تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین حکمتِ عملی اور رہنمائی نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ کھیل کے ذریعے ملک و قوم کا وقار بلند کر رہے ہیں، جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔وزیرِ اعظم نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ ان قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی جاری رکھے جو پاکستان کو عالمی سطح پر فخر دلانے کے لیے کوشاں ہیں۔












