پاکستان-امریکہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے واشنگٹن میں بزنس نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام

واشنگٹن ڈی سی (نمائندہ خصوصی) فورتھ پلر میڈیا اینڈ پی آر آرگنائزیشن کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد کے اعزاز میں ایک بزنس نیٹ ورکنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کا 18 رکنی وفد امریکہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے موجود ہے۔
فورتھ پلر میڈیا کی جانب سے ایف پی سی سی آئی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ میں ملک سہیل حسین چیئرمین کوآرڈینیشن، کریم عزیز ملک، چیئرمین کیپٹل پریذیڈنٹ سیکریٹریٹ اسلام آباد، طارق خان جدون، وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی، نائب صدر اور انچارج کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، ثمینہ فاضل، لیاقت علی شاہ، چوہدری نصیر اور راشد ہمایوں سمیت قونصل جنرل پاکستان عامر اتو زئی، ٹریڈ منسٹر عدنان محمود نے شرکت کی۔
ملک سہیل حسین نے قوم کا دفاع کرنے پر پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

سہیل ملک نے کہا کہ وہ امریکہ میں کاروباری برادری کو مضبوط بنانے آئے ہیں اور پاکستان کی معیشت میں تارکین وطن کا کردار بنیادی ہے، ہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کرنے چاہتے ہیں، امریکہ میں مقیم پاکستانی قوم کا فخر ہیں، یہاں کام کرنے والے ڈاکٹرز، انجینئرز اہم کردار ادا کررہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
قونصل جنرل پاکستان عامر اتوزئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی اور امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے قونصل مشن کے دروازے کھلے ہیں۔صدر فورتھ پلرز فاروق مرزا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی متحرک ہے اور ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مثبت امیج کی تعمیر میں کھڑی ہے، تجارت کے ذریعے پاکستانی اور امریکی عوام کو قریب لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ساجد تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے رہیں گے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں