پاکستان علاقائی کھیلوں کا مرکز: ساؤتھ ایشین گیمز 2025 کی میزبانی کے لیے تیار
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان جنوری 2026 میں ہونے والے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ساؤتھ ایشین گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنی سفارشات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو پیش کر دی ہیں، جن کا جائزہ لینے اور ان پر عمل درآمد کے لیے رانا ثناءاللہ نے سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کی سربراہی میں اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ کمیٹی میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندے شامل ہوں گے جو کھیلوں کے مقامات، سیکیورٹی، اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تجاویز حکومت کو پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ میں کل 27 کھیل شامل کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب حکومت نے میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز جیسے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ، چیمپئنز ٹرافی، اور اب ساؤتھ ایشین گیمز جیسے ایونٹس کی میزبانی پاکستان کے محفوظ اور قابل اعتماد ملک ہونے کا ثبوت ہے۔یہ گیمز نہ صرف علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہوں گے۔












