پاکستان کے لیے کھیلوں کے میدان میں تاریخی سنگِ میل، ایم این اے سیدہ آمنہ بتول کی فیفا ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں تقرری
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ): پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ رکنِ قومی اسمبلی محترمہ سیدہ آمنہ بتول کو فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے سفارتی اور کھیلوں کے شعبے میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ محترمہ سیدہ آمنہ بتول اس وقت فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں۔ ان کی یہ تاریخی تقرری فیفا کی جانب سے پاکستان کی ادارہ جاتی سمت پر اعتماد کی تجدید اور عالمی فٹ بال گورننس میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کے اعتراف کی عکاس ہے۔ یہ تقرری موجودہ حکومت کی فٹ بال کے فروغ کے لیے مسلسل اور سنجیدہ کوششوں کا واضح ثمر ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹ بال کو ایک آزاد، شفاف اور میرٹ پر مبنی کھیل کے طور پر ترقی دینے کے لیے مضبوط سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی جانب سے ایک خودمختار اور شفاف فٹ بال فیڈریشن، ملک گیر فٹ بال کی ترقی اور بین الاقوامی فٹ بال ایونٹس کی میزبانی کے عزم کی توثیق کی گئی۔ اس سے قبل فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو بھی پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بڑھتے ہوئے عزم کو سراہ چکے ہیں۔ موجودہ حکومت خود کو فیفا کی شمولیت، شفافیت اور اچھی حکمرانی کی اقدار سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ ماضی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) غیر ضروری مداخلت کے باعث غیر فعال رہی اور بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم گزشتہ چھ ماہ کے دوران پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فیڈریشن کی بحالی اور بہتری کے لیے قابلِ ذکر اقدامات کیے ہیں۔
حکومت فٹ بال کو محض ایک مسابقتی کھیل نہیں بلکہ نوجوانوں کی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی پیش رفت کا ایک تزویراتی ذریعہ سمجھتی ہے۔ آئندہ لائحہ عمل فیفا کے ساتھ منظم، قابلِ عمل اور شراکت داری پر مبنی تعاون پر مشتمل ہوگا، جس میں ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ کو صنفی طور پر حساس کھیلوں کی گورننس سے جوڑنا بھی شامل ہے۔ مردوں کی قومی ٹیم کے لیے پہلی خاتون مینیجر کی تقرری بھی انہی اہم اصلاحاتی اقدامات میں شامل ہے۔ فیفا میں محترمہ سیدہ آمنہ بتول کا کردار ادارہ جاتی اصلاحات کے نظام کو مضبوط بنانے اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر مرکوز رہے گا۔ سیدہ آمنہ بتول کی تقرری سے پاکستان عالمی فٹ بال برادری میں ایک باوقار، معتبر اور تعمیری رکن کے طور پر مزید مضبوط انداز میں ابھرے گا۔












