پیٹرول گیس مہنگی کردی گئی بجلی بھی مہنگی ہوگی، عوام پریشان
اسلام آباد(غلام مرتضی )ملک میں صارفین کے لیے گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس 66.66 فیصد تک مہنگی کر دی گئی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی 8 روپے 37 پیسے تک مہنگی کردی گئی ہیں،پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 73 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے37 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے،پیٹرول کی نئی قیمت 275 روپے 62 پیسے اورہائی اسپیڈ کی نئی قیمت 287 روپے33 پیسے مقرر کردی گئی ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا،جبکہ گیس کی قیمتوں میں پروٹیکٹڈ گھریلوصارفین کیلئے ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال پر 79 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔پروٹیکٹڈ صارفین کے ماہانہ 50 مکعب میٹر استعمال پر 100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ ماہانہ 60 اور90 مکعب میٹر استعمال پر بھی 100روپے فی ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال پر 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ نان پروٹیکٹڈ کے لیے ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر 250 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے، 200مکعب میٹر استعمال پر 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے











