پی سی بی،پی ایس ایل اور فرنچائزز کی مینجمنٹ ٹیمز کا ری شیڈولنگ کے عمل کو موثرطریقے سے کروانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔مالک اسلام آباد یونائیٹڈ
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے حالیہ غیر معمولی صورتحال میں پی سی بی، پی ایس ایل اور فرنچائزز کی مینجمنٹ ٹیمز کے کردار کو سراہتے ہوئے ری شیڈولنگ کے عمل کو موثر طریقے سے مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ علی نقوی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے گزشتہ ہفتے کے غیر متوقع حالات میں صبر اور حوصلے سے کام لیا۔ ان حالات میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے انخلا کے انتظامات بھی پیشہ ورانہ طور پر انجام دیے گئے، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ اور دیگر ٹیموں کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوصلے اور صبر کی تعریف کی اور کہا کہ مشکل وقت میں تمام کھلاڑیوں کا ڈٹے رہنا قابلِ تعریف ہے۔ علی نقوی نے اپیل کی کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی کا فیصلہ ان کی ذاتی ترجیحات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے، اور کسی کھلاڑی کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی اور حال کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اور مستقبل میں بھی انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔












