پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی گلگت میں غیر قانونی پری ایکٹیو غیر ملکی سم فروخت کنندگان کے خلاف مشترکہ کارروائی
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس گلگت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر غیر قانونی بین الاقوامی سم کارڈز کی فروخت کے حوالے سے کامیاب کارروائی کی۔ گلگت کے علاقے دنیور میں مارے گئے اس چھاپے کے دوران چھ برطانوی سم کارڈ برآمد کر لئے گئے جبکہ دو افراد کو غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے نے غیر قانونی غیر ملکی سم کارڈ نیٹ ورک کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس سے متعلقہ قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔
یہ کارروائی پی ٹی اے کی غیر قانونی سم فروخت کے خاتمے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جو قومی سلامتی کے ضمن میں سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ضرور دیں تاکہ ایک محفوظ اور منظم ڈیجیٹل ماحول کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ اقدامات ٹیلی کام قوانین کی پاسداری اور صارفین کو غیر قانونی سم کارڈز کے ممکنہ غلط استعمال سے بچاؤ کے پی ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔












