چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کی ملاقات
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے ملاقات کی، جس میں ملک میں ٹینس کے فروغ اور درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعصام الحق نے اسلام آباد میں موجود ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل پر چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے ٹینس کورٹس بھی بنائے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔
اس موقع پر اعصام الحق نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی کو مبارکباد پیش کی اور کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی طرح ٹینس کا بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ٹینس کے میدان میں بھی پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ نوجوانوں میں پیڈل ٹینس کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور اس شعبے میں بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ کھیلوں کے تمام شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اعصام الحق نے ٹینس کورٹس کے مسائل کے حل اور نئے کورٹس کے قیام کی یقین دہانی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ اس ملاقات میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد بھی موجود تھے۔












