چیف منسٹر پنجاب سمر گیمز کے لیے ہاکی ٹرائلز مکمل، 32 کھلاڑی منتخب

راولپنڈی (سید جاوید حسن شاہ) چیف منسٹر پنجاب سمر گیمز 2025ء کے سلسلے میں ضلع راولپنڈی میں بوائز اور گرلز ہاکی ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہو گئے۔ شہناز شیخ ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں منعقدہ ان ٹرائلز میں ضلع راولپنڈی کے مستقل سکونتی 67 لڑکوں اور 24 لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ٹرائلز ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر (DSO) شمس توحید عباسی کی زیر نگرانی اور راولپنڈی ہاکی ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سی ایم آئی ٹی راجہ حنیف ایڈووکیٹ تھے جبکہ ڈی او اسپورٹس چوہدری وحید احمد، ٹی ایس او عتیق الرحمان، اکمل امین، ملک ساجد اعوان اور دیگر آفیشلز بھی موقع پر موجود تھے۔
ٹرائلز کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 16 لڑکے اور 16 لڑکیاں چیف منسٹر سمر گیمز کے لیے منتخب کیے گئے۔ حکام کے مطابق سمر گیمز کے انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی مقابلے یکم یا پانچ جون کو راولپنڈی میں ہوں گے، جب کہ صوبائی سطح کے مقابلے 12 تا 18 جون کے دوران لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر سمر گیمز کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور صوبے بھر میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں