چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ کی ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ)پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور کے ساتھ ساتھ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے بھارتی حکومت کے حالیہ جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
چینی سفیر نے پاک چین دوستی کو “آہنی برادر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتا ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش ہے کہ خطے میں تنازعات کے بجائے تعاون کو فروغ دیا جائے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ہر نازک موقع پر چین کی غیر متزلزل حمایت پر چینی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔









