ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز حنیف محمد ٹرافی 2025-26 سے ہوگا

لاہور (سید جاوید حسن شاہ) پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2025-26 کا آغاز حنیف محمد ٹرافی سے ہو گا، جس میں ملک کی 12 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 29 اگست سے بہاولپور، ملتان، کراچی اور رحیم یار خان میں ہوگا اور ایونٹ 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔
اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 30 چار روزہ نان فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔ 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر ٹیم پانچ میچز کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں جگہ بنائیں گی۔
گروپ اے میں آزاد جموں کشمیر، فیصل آباد، حیدرآباد، کراچی وائٹس، لاہور بلوز اور کوئٹہ ریجن شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا، کراچی بلوز، لاڑکانہ، ملتان اور راولپنڈی ریجن کی ٹیمیں موجود ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے سابق عظیم ٹیسٹ کپتان حنیف محمد کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ حنیف محمد نے 1952 سے 1969 تک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ٹیسٹ میچوں میں 3915 رنز اسکور کیے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی پہلی ٹرپل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ 2020 میں انہیں پی سی بی ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں