کاروبار دوست ماحول پیدا کیے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں ہے:ایوب مریانی
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ) صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایوب مریانی نے وفاقی بجٹ کی منظوری پر کہا ہے کہ کاروبار دوست ماحول پیدا کیے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں ہے،کاروباری لاگت اور ٹیکس بوجھ میں اضافے پر تشویش برقرار ہے۔ خام مال پر بڑھتے ہوئے ٹیکس اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کا مزید دباؤ بڑھے گا اور صارفین کی قوت خرید متاثر ہوگی۔ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
صدر ایوب مریانی نے کہا کہ بجٹ میں اگرچہ برآمدی شعبے کے لیے کچھ مثبت اقدامات ہیں لیکن مجموعی طور پر انرجی سیکٹر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مزید واضح حکمت عملی کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک توانائی کی قیمتیں مسابقتی نہیں ہوں گی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن نہیں ہے۔ حکومت کو اب اس بات پر توجہ دینا ہوگی کہ وہ کس طرح بزنس کمیونٹی کے خدشات کو دور کرتی ہے تاکہ معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔












