کراچی میں پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا شاندار آغاز، سردار یاسر الیاس خان کا سیاحت کے فروغ کیلئے بڑے اہداف کا اعلان

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا کراچی ایکسپو سینٹر میں شاندار آغاز ہوگیا، جس میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں، سفارتکاروں اور ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نیہال ہاشمی اور وزیراعظم کے نیشنل کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے مشترکہ طور پر ایونٹ کا افتتاح کیا، تین روزہ نمائش میں 250 سے زائد کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی،ایونٹ میں ایوی ایشن، عالمی سیاحتی مقامات، ٹیکنالوجی، ہوٹلنگ اور سلام پاکستان پویلین سمیت مختلف شعبوں کے خصوصی اسٹالز قائم کیے گئے ہیں۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، عالمی ٹریول آپریٹرز، ایوی ایشن کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی، جبکہ ہزاروں افراد نے نمائش کا رخ کیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی مرکز بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ پانچ سال میں سیاحت کے شعبے میں روزگار 40 لاکھ سے بڑھا کر 80 لاکھ کرنے، جی ڈی پی میں حصہ 5 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک لے جانے اور معیشت میں 40 ارب ڈالر تک اضافہ کرنے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں.

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں نئے ہوٹلز اور ریزورٹس کے قیام کے ساتھ ساتھ میڈیکل، مذہبی اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دے رہی ہے تاکہ پاکستان کو ایک متنوع اور پرکشش سیاحتی منزل کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔، تقریب میں شریک غیر ملکی مندوبین اور مہمانوں نے پاکستان ٹریول مارٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے سیاحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور سردار یاسر الیاس خان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا، کراچی میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان ٹریول مارٹ کا روڈ شو 7 اور 8 اپریل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں