کپتان کا ابھی نہیں سوچا، بابراعظم کو شامل کرنا چاہتے ہیں، اونر حیدرآباد فرنچائز
(اسپورٹس ڈیسک): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے کوچنگ کی ذمہ داری آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کو سونپ دی ہے۔ حیدرآباد ٹیم کے اونر فواد سرور نے بتایا کہ کریگ وائٹ اور گرانٹ بریڈ برن اسسٹنٹ کوچز ہوں گے۔ فواد سرور کے مطابق غیر ملکی کوچز کی تقرری سے کھلاڑیوں کو خاصہ فائدہ ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قیادت میں پاکستانی یا غیر ملکی کسی کا کوئی حق نہیں کہ نام بڑا یا سینئر پلیئر ہے تو اسے ہی ذمہ داری ملے گی، ہمارا اپنا ایک طریقہ کار ہے جس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ ٹیم اونر نے کہا کہ کپتان تو کسی کو بھی بنایا جا سکتا ہے لیکن اسے اچھا لیڈر ہونا چاہیے، جو بھی مناسب پلیئر ہوگا ہم اس کو قیادت سونپیں گے۔
فواد سرور نے کہا کہ بابر اعظم میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، اگر چانس بنا تو ہم انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہیں گے۔ فی الحال کسی اور کھلاڑی کے بارے میں نہیں سوچا، جب پتہ چلے گا کہ کس ٹیم نے کسے برقرار رکھا ہے تب ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آکشن سے اچھا کوئی اور اقدام ہو ہی نہیں سکتا تھا، چیئرمین پی سی بی اور مینجمنٹ نے بہترین فیصلہ کیا، ہم واحد گروپ تھے جس نے زور لگایا جس پر بعد میں دیگر کو بھی آنا پڑا۔ حیدرآباد ٹیم اونر کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام کھیلوں میں یہی طریقہ رائج ہے، آکشن سے نہ صرف پلیئرز بلکہ ٹیم اونرز کو بھی فائدہ ہوتا ہے، اگر کوئی کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہا ہو تو اس کو اسی لحاظ سے صلہ ملتا ہے، اسی طرح اگر پلیئر جانتا ہو کہ آکشن میں جانا ہے تو اسے اضافی محنت کرنا پڑے گی۔
فواد سرور نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے میرے ذہن میں کئی نام ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کی مصروفیات بھی دیکھنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کوچز اور مینجمنٹ اس پر کام کر رہے ہیں، مختلف اچھے کھلاڑیوں سے رابطے کیے گئے ہیں، البتہ ابھی میں کسی کا نام نہیں بتا سکتا کیونکہ بات چیت جاری ہے۔ فواد سرور نے کہا ہے کہ اگر پی ایس ایل کی ٹیم 2 ارب روپے میں بھی ملتی تو ضرور خریدتا، میں کرکٹ کا بہت شوقین ہوں، وقت کے ساتھ یہ شوق بڑھتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکا میں کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لے ہی رہے تھے، امریکی لیول پر ٹیم نے کھیلنے کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کیا، پھر جب پی ایس ایل میں ٹیم لینے کا موقع نظر آیا تو ہم نے سوچا کوشش کرتے ہیں، شکر ہے کامیاب بھی رہے۔
اچھے طریقے سے ویلیو دیکھیں اور استعمال کیسے کریں گے یہ سوچیں، پھر اگر سمجھ آ رہا ہو تو پیسے اس وقت اہمیت نہیں رکھتے، اسے لے لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی ٹیم کا مکمل نام اور لوگو کا سوچا ہوا ہے بس لانچنگ کیلیے درست موقع کا انتظار کر رہے ہیں۔ فواد سرور نے کہا کہ پی سی بی نے آکشن کیلیے تاریخ کا بتا دیا ہے، ہم اس کے قریب ہی اعلان کریں گے، ہماری ٹیم اس پر کام کر رہی ہے، ہم اس حوالے سے ایک بہت اچھا ایونٹ کرانا چاہتے ہیں۔ خود پر کوئی مالی بوجھ ڈالے بغیر پی ایس ایل فرنچائز کو چلا سکتے ہیں
فواد سرور نے کہا کہ میں نے یہ سنا ہے کہ بات ہوئی ہے اتنے برس سے کوئی کھلاڑی ٹیم کے ساتھ تھا اب جانا پڑے گا، کھیلوں میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیئں، جب کوئی نئی ٹیم آئے تو نئے طریقے سے آغاز کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی طورپر میں پی سی بی کے فیصلے سے خوش ہوں لیکن اچھا یہی ہوتا کہ کوئی ریٹینشن نہیں کی جاتی اور زیرو سے آغاز ہوتا، یہ کسی کا استحقاق نہیں کہ اگر کوئی 10 سال سے آپ کے ساتھ ہے تو ہمیشہ رہے گا۔









