ہاکی کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری، یورپئین چیمپئن انڈر-16 ٹیم کا پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): قومی کھیل ہاکی کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ تاریخ میں پہلی بار یورپئین چیمپئن انڈر-16 ہاکی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ دورہ جنوری میں متوقع ہے، جو پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ بیلجیم اور یورپئین چیمپئن ٹیم کے پاکستانی نژاد کوچ رانا نعیم کی کوششوں سے یہ ممکن ہوا۔ رانا نعیم نہ صرف بیلجیم بلکہ یورپ کے بھی چیمپئن کوچ ہیں، اور وہ پہلے پاکستانی نژاد کوچ ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہے۔ رانا نعیم کا کہنا ہے کہ اُن کی خواہش ہے کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے کہ وہ یورپئین ہاکی کا معیار قریب سے دیکھیں اور سیکھیں۔ اُنہوں نے کہا، “پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ کھلاڑیوں کو جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق تربیت دی جائے۔
یورپئین ٹیم کے میڈیا مینیجر ڈاکٹر محمد حسین نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب یورپئین انڈر-16 ٹیم پاکستان آ رہی ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ ہاکی کی گراس روٹ سطح پر ترقی و بحالی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ رانا نعیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ “بارش کا پہلا قطرہ” ہے، آئندہ مزید غیر ملکی ٹیموں کو بھی پاکستان بلایا جائے گا تاکہ قومی کھیل کو دوبارہ عروج حاصل ہو سکے۔ اُنہوں نے پاکستان کے تمام کوچز اور شائقین کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور جدید ہاکی کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں