ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ جمعہ سے شروع ہوگا

لاہور(سیدجاوید حسن شاہ) ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ جمعہ 25 اپریل سے شروع ہوگا جس میں 110 ضلعی/ زونل ٹیمیں ملک بھر میں 264 میچوں میں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے ریڈ بال میچز پر مشتمل ہوگا۔ ایونٹ میں 1,600 سے زائد انڈر 19 کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ ویز ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ ٹورنامنٹ 25 اپریل کو ایبٹ آباد، آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے)، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی، اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور سیالکوٹ میں شروع ہوگا۔
باقی چھ ریجنز بشمول کوئٹہ، فاٹا، راولپنڈی، فیصل آباد، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹورنامنٹ بالترتیب 26، 29 اپریل، 2، 5، 10، 15 مئی کو شروع ہوگا۔فیصل آباد، فاٹا، کوئٹہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ ریجنز کی ضلعی ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں ہر ریجن کے فاتح کا تعین ہر پول کی سرفہرست ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کے ذریعے کیا جائے گا۔ بقیہ 11 ریجنز میں ہر ریجن میں ٹیبل پر سرفہرست ضلعی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔
2025 میں پی سی بی نے تین اضلاع خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ (فیصل آباد ریجن) اور لکی مروت (فاٹا ریجن) کو ٹیلنٹ اسکاؤٹنگ کی رسائی کو بڑھانے اور ملک کے دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے کھیلنے کے حقوق سے نوازا ہے۔ پی سی بی ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ٹورنامنٹ میں ٹاپ پرفارمرز کو اس سال کے آخر میں انڈر 19 ریجنل ڈیولپمنٹ اکیڈمیز اور انٹر ریجنل انڈر 19 ٹورنامنٹ میں اپنی متعلقہ علاقائی ٹیموں کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا.پاکستان کرکٹ بورڈ ریجنل انڈر 19 سرگرمی کے بعد انڈر 19چیمپئن شپ بھی متعارف کرائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں