اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کا خیر مقدم

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فیصلوں کے ذریعے پاکستان کے بنیادی قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی ضمانت شدہ معاہدہ ہے جسے کسی بھی صورت یک طرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ورلڈ بینک اس معاہدے کا ضامن ہے اور پاکستان اپنے حصے کا پانی موڑنے یا روکنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے بھارت کی آبی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس سنگین اقدام کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت یا مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت کے یک طرفہ اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام عائد کرنا انتہائی افسوسناک اور تعصب پر مبنی فیصلہ ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمہ وقت سرحدوں کے تحفظ اور دفاع کے لیے تیار ہے، اور اس نازک موقع پر پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے مکمل طور پر پیچھے کھڑے ہیں۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں