صدر مملکت آصف علی زرداری کی شمالی وزیرستان میں سنیٹائزیشن آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید 17 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین
اسلا م آباد (زاہد یعقوب خواجہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سنیٹائزیشن آپریشن کے دوران مزید 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے فتنۃ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے ملک میں امن کے قیام کے لیے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز کی بڑی کارروائی کے بعد مزید دہشت گردوں کے خاتمے پر بھی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں نہایت خوش آئند ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے اور ملک کے دفاع کے لیے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق، صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔












