سعودی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت سزائوں، جرمانوں کا اعلان کردیا
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی عرب کی جانب سے حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت سزاؤں اور جرمانوں کے حالیہ اعلان پر زائرین کو خبردار کر دیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران قانون شکنی کی کسی بھی کوشش کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان کے مطابق قانون شکنی کو صورت میں مندرجہ ذیل اقداما ت اٹھائے جا سکتے ہیں.
-بغیر اجازت حج کی کوشش یا غیر مجاز حج کی صورت میں 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد ہوگا۔
– حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں وزٹ ویزا پر داخلے کی کوشش پر بھی 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔
– کسی وزٹ ویزا ہولڈر کو مخصوص حج زون میں داخلے کے لیے ٹرانسپورٹ یا سہولت فراہم کرنے والے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔
– غیر مجاز زائرین کو ہوٹل یا نجی گھروں میں قیام دینے پر بھی ایک لاکھ ریال جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔
– خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ان کے سہولت کاروں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا، اور ان پر دس سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
– زائرین کی غیر قانونی نقل و حرکت کی صورت میں گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے۔
– کسی بھی سزا یا جرمانے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل اور 60 دن کے اندر عدالت سے رجوع کیا جا سکے گا۔
– ان قوانین اور سزاؤں کا اطلاق یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک ہوگا۔
وزارت نے زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ حج قوانین کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر روایتی طریقہ کار سے اجتناب کریں۔ وزارت نے مزید کہا کہ پاکستانی حجاج کرام کی رہنمائی اور سہولت کے لیے تمام سرکاری چینلز پر آگاہی مہم جاری رکھی جائے گی۔









