اسلام آباد یونائٹڈ کے اوپنر صاحبزادہ فرحان ایچ بی ایل پی ایس ایل10 میں اپنی شاندار کارکردگی پر خوش۔
(سید جاویدحسن شاہ )اسلام آباد یونائٹڈ کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو میں اپنی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ میں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے605 رنز بنائے تھے ، مجھے معلوم تھا کہ پی ایس ایل میں ٹیموں میں کچھ جگہیں موجود ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کوکریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے مجھےپہلے منتخب کیا۔
“مجھے شروع سے ہی اعتماد تھا کہ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں سنچری بنا سکتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ پشاور زلمی کے خلاف یہ میری بہترین اننگز تھی۔ میں اس ٹورنامنٹ میں دوبارہ ایسی ہی اننگز کھیلنے کی امید کر رہا ہوں۔میں پچھلے چار برسوں سے پرفارم کر رہا ہوں اور پچھلے برسوں میں، میں چار روزہ کرکٹ میں ٹاپ فارم میں ہوں، پچھلے سال میں ایک روزہ ٹورنامنٹ میں ٹاپ پرفارمر رہا ہوں، میں اپنے اسٹرائیک ریٹ پر کام کر رہا ہوں اور اسے پہلے کے مقابلے بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، میں جانتا ہوں کہ اگر مجھے دوبارہ اپنے ملک کے لیے کھیلنے کا موقع ملا تو میں وہاں بہتر اسٹرائیک ریٹ کرنے کی کوشش کروں گا۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے مجھے فری ہینڈ دیا ہے اور مجھے اپنا قدرتی کھیل کھیلنے کی اجازت دی ہے۔ بعض اوقات شاداب خان اور سلمان علی آغا ٹریننگ نیٹ میں مجھ سے بات کرتے ہیں، میں ان شاٹس کو کھیلنے کی کوشش کر رہا ہوں جو میں نے پچھلے ایونٹس میں کھیلے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میرے لیے نئی ٹیم نہیں ہے، میں اس سے پہلے بھی دو بار ان کے لیے کھیل چکا ہوں اور شاداب خان کو بطور کپتان اور ایک کھلاڑی دونوں طرح جانتا ہوں۔ ہم پانچ میچ جیتنے کے بعد آرام کرنے والے نہیں ہیں۔ ٹورنامنٹ ابھی جاری ہے اور ہماری توجہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے پر ہے۔










