صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات

اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ پیدا شدہ کشیدگی اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد کھڑی ہے اور سیکیورٹی ادارے ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملاقات میں بھارتی قیادت کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان دو دہائیوں سے دہشت گردی کا نشانہ رہا ہے اور اسے بھاری انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے کردار کا نوٹس لے۔ صدرِ مملکت نے بھارتی الزامات کے جواب میں حکومتِ پاکستان کے ذمہ دارانہ ردعمل اور صورتحال کو مدبرانہ انداز میں سنبھالنے کی حکمتِ عملی کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق، پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور کلیدی قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ ملاقات میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کوویڈ-19 سے صحتیابی پر صدر مملکت کی خیریت بھی دریافت کی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں