بھارت میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بند
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ)بھارت کی جانب سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بعد اب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بھارت میں بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عالمی میڈیا پر بھارت کے ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی کوششوں کو بے نقاب کیا، جس کے ردعمل میں بھارتی حکام نے ان کے اکاؤنٹ پر پابندی عائد کی۔
یہ اقدام بھارتی حکام کی جانب سے ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت مسلسل بھارت کے یکطرفہ اور جارحانہ اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کر رہی ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت آزادی اظہار پر قدغن لگا کر نہ صرف عالمی قوانین بلکہ جمہوری اقدار کی بھی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ پاکستانی حکام نے عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیاسی آوازوں کو دبانے کے اس سلسلے کا نوٹس لیا جائے.











