پاک بھارت کشیدگی، ہسپتالوں میں ہائی الرٹ
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز (ACs) نے پمز، پولی کلینک، سی ڈی اے ہسپتال سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں کے دورے کیے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق، تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی سہولیات، میڈیکل اسٹاف کی موجودگی، ادویات کی دستیابی اور بلڈ بینکس کی تیاری کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ہسپتالوں میں ضروری طبی اور ایمرجنسی انتظامات فوری مکمل کیے جائیں، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ شہر کے تمام نجی ہسپتالوں میں بھی معائنہ جاری ہے اور سربراہان سے براہ راست ملاقاتیں کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔











