اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے پاکستان پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں پر کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے بھارتی افواج کی جانب سے رات کی تاریکی میں پانچ مقامات پر کی جانے والی بمباری کو انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ بھارت نے سول آبادی کو نشانہ بنا کر نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی کی ہے بلکہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بزدل دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور قوم اس وقت افواجِ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
سردار ایاز صادق نے پاک افواج کی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے، اور قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کی فضائیہ نے ہمیشہ دشمن کو دندان شکن جواب دیا ہے اور اس بار بھی دشمن کی ناپاک سازشوں کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔اسپیکر نے مزید کہا کہ بھارت نے جارحیت کا آغاز کر کے پاکستان کے صبر کا امتحان لیا ہے اور اسے اس بزدلانہ حملے کا بھیانک انجام بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، لیکن اب اسے اس غلط فہمی کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانی عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کے خلاف مسلط کردہ اس جنگ میں پوری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہے۔ قوم اور افواج کے حوصلے بلند ہیں، اور دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ افواجِ پاکستان کو ہر محاذ پر کامیابی سے ہم کنار کرے اور وطن عزیز کو دشمن کے ناپاک عزائم اور جارحیت سے محفوظ رکھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں