افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی، تاجر برادری کاہفتہ کو ایف نائن پارک سے ریلی نکالنے کا اعلان
اسلام آباد ( زاہد یعقوب خواجہ)راولپنڈی اسلام آباد کی تاجر برادری نے بھارتی جارحیت کیخلاف اور افواج پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 10 مئی بروز ہفتہ ایف نائن پارک سے ڈی چوک تک ر یلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان اسلام آباد ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے صدر سردار یاسر الیاس خان نےآل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن و فیڈریشن آف ریئیلٹرز سردار طاہرمحمود ، سابق صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرؤف اور وفاقی دارالحکومت کے معروف تاجر رہنماؤں اور بزنس کمیونٹی کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ جنگ کی صورت میں تاجر برادری اور اوورسیز پاکستانی ہر ممکن مالی تعاون کرینگے۔ اس ملک کے دفاع کیلئے نوے ہزار سویلینز اور فوجی جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، بزدل دشمن ایک نیو کلئیر اسٹیٹ کو چلینج کر رہا ہے۔ اسرائیل کے بنے ڈرون سے حملے کر رہا ہے، وقت آ چکا ہے کہ دشمن کو جواب دیا جائے۔ ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہفتہ کو تین بجے ایف نائن پارک سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالیں گے.
اس ریلی کا انعقاد اسلام آباد راولپنڈی کی تاجر برادری کسی بھی سیاسی جماعت یا تنظیم سے بالا تر ہو کر ملک کی خاطر کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وہ فوج ہے جو جاگتی ہے اور ہم سوتے ہیں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہفتے کوپورا پاکستان ملکر نکلے گا اور پاک فوج کا ساتھ دیگا، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اگر کچھ کرینگے تو بھارت کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، ریلی نکال کر ہم یہ بتائیں گے کہ اپنی فوج اور جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ ایک تاریخی ریلی اور بہت بڑا اجتماع ہوگا اور افواج پاکستان کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرینگے، اسرائیلی مصنوعات بازاروں سے اٹھا دی ہیں، تاجر پاکستانی مصنوعات بیچ رہی ہے، ہر وہ کام کر رہے ہیں جو مسلمانوں کی بہتری کیلئے ہے۔
ہم شہادت کیلئے تیار کھڑے ہیں، ہم نے ان کے جہاز گرا کر ان کو پیغام دیدیا ہے مگر مودی کی کھوپڑی میں یہ بات نہیں آ رہی ہے، اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ ہمارے ملک میں جو جارحیت کی گئی اسکا جواب بھارت کو مل چکا ہے، پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا، ہمارے لوگوں کی جانیں بہت قیمتی ہیں ہندوستان کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی، ہفتہ کو تاریخی ریلی نکالی جائے گی۔
سابق صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرؤف نے کہا کہ آج پوری دنیا بھارتی میڈیا پر تھو تھو کر رہی ہے، پاکستانی میڈیا آزاد اور میچور ہے۔ ہم نے میڈیا وار کو بھی جیتنا ہے۔ اپنی افواج کو یقین دہانی کرائیں گے کہ آپ کے اشارے پر اپنی جان قربان کر دینگے، بھارت کی طرف سے کسی بھی آبی جارحیت کو نہیں مانتے، ہم نے قوم بن کر دکھانا ہے، سمال ٹریڈرز اسلام آباد کے صدراویس ستی نے کہا کہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں،اور پاک افواج کے شانہ بشانہ بارڈر پر لڑنے کیلئے بھی تیار ہیں، بھارت کو منہ توڑ جواب دینگے۔












