پاکستان کو روایتی جنگ میں برتری، بھارتی طیارے اور 77 ڈرونز مار گرائے گئے: عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے اور روایتی جنگ میں بھارت پر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق، پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک 77 ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا ہے، جو پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اور دفاعی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے۔
پاکستان نے یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے عسکری اشتعال انگیزی کے ساتھ ساتھ میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈا کا سہارا لیا۔ بھارتی میڈیا پر فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے، جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا واضح ثبوت ہے۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے اس جھوٹے پروپیگنڈا کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا، جس سے بھارت کو مزید شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔












