وزیراعظم کا قومی سیاسی قیادت سے رابطہ، بھارت کو جوابی کارروائی پر اعتماد میں لیا
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی جوابی کارروائی “آپریشن بنیان المرصوص” پر انہیں اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، بی اے پی کے سربراہ خالد حسین مگسی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین سے گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ “الحمدللہ! افواج پاکستان نے آج بھارت کی جارحیت کا طاقتور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔” انہوں نے بتایا کہ بھارت نے میزائل اور ڈرون حملوں سے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں نور خان ایئر بیس پر حملہ بھی شامل تھا۔ پاکستان نے ان حملوں کا جواب مربوط اور موثر حکمت عملی کے تحت دیا اور ان ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا جن سے پاکستان پر حملے کیے گئے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ “ہماری بہادر افواج نے بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ تمام سیاسی رہنماؤں نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، حوصلے اور تدبر کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سیاسی قیادت کی طرف سے واضح اور دو ٹوک حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم متحد ہو کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔”









