وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے پر جائزہ اجلاس

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اہم جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھانے اور آمدن میں اضافے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے رواں مالی سال کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس آمدن میں نمایاں پیشرفت اور مقررہ اہداف کی جانب پیش رفت پر معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس ادا کرنے کی استعداد رکھتے ہیں لیکن ادائیگی سے گریزاں ہیں، انہیں ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس چوروں اور ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اور اس عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور اس کے نتیجے میں ٹیکس کی شرح میں کمی لا کر عام آدمی کا بوجھ کم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل کیا جائے. تمباکو کی صنعت میں ٹیکس وصولی کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کو تیز کیا جائے.زیر التوا مقدمات کی مؤثر پیروی سے قومی خزانے کا تحفظ یقینی بنایا جائے.
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سیمنٹ پلانٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے نفاذ سے ٹیکس آمدن میں اربوں روپے کا اضافہ ممکن ہوا ہے.چینی کے شعبے میں بھی اس نظام کے نفاذ سے نومبر 2024 تا اپریل 2025 کے دوران ٹیکس آمدن میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے.وزیراعظم کی قیادت میں ایف بی آر اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس آمدن جی ڈی پی کے 10.6 فیصد ہدف کے حصول کی توقع ہے.
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا اللہ کے فضل و کرم سے معاشی استحکام حاصل ہو رہا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ترقی کے سفر میں ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں