اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ اسپیکر نے معرکہ حق میں زخمی ہونے والے پاک افواج کے جوانوں کی عیادت کی
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آج سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا اور معرکۂ حق میں زخمی ہونے والے پاک افواج کے جوانوں کی عیادت کی۔ اسپیکر نے جوانوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے پاک فوج کے زخمی جوانوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور معرکۂ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، حب الوطنی اور لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مکّار دشمن کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دیا۔ ہماری فوج نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر قربانیاں دیں۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے اور ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ دشمن ملک کبھی بھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج کو دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل ہے، اور پوری قوم معرکۂ حق کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔











