انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر شدید تحفظات ہیں،حکومت نظرثانی کرے:ایوب مریانی
کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایوب مریانی نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر شدید تحفظات ہیں حکومت فوری نظرثانی کرے، بزنس کمیونٹی کا سب سے بڑا اعتراض ٹیکس افسران کو دیے گئے بے پناہ اختیارات پر ہے جس میں اکاؤنٹس منجمد کرنے اور کاروباری مقامات پر اہلکار تعینات کرنے کا اختیار شامل ہے۔یہ اقدام کرپشن میں اضافے کا باعث بنے گا اور ٹیکس دہندگان سے اپیل کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ قانون سازی سے قبل متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اس آرڈیننس کی تیاری میں بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
صدر کوئٹہ چیمبر ایوب مریانی نے حکومت سے معاشی ترقی اور ٹیکس کلیکشن میں اضافے کے لیے بزنس کمیونٹی کو سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسی کسی بھی قانون سازی سے قبل متعلقہ کاروباری برادری اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ہم ٹیکس کلیکشن میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں لیکن ایسی قانون سازی جو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مشکلات پیدا کرے، قابل قبول نہیں ہے۔












