ایچ بی ایل پی ایس ایل کا پلے آف مرحلہ بدھ سے شروع ، کوالیفائر میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل
لاہور (سید جاوید حسن شاہ) ایچ بی ایل پی ایس ایل کی رونقیں بدھ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں نظر آئیں گی جو پلے آف مرحلے کی میزبانی کررہا ہے۔ کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ دوسرے نمبر پر آنے والی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ یہ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ ایلیمینیٹر 1 لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان جمعرات 22 مئی کو کھیلا جائے گا یہ میچ بھی شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
ایلیمینیٹر 2 کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1 جیتنے والی ٹیم کے درمیان جمعہ 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔ فائنل اتوار 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان بیٹنگ میں سرفہرست ہیں اور اس وقت حنیف محمد کیپ ان کے پاس ہے انہوں نے 10 میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 394 رنز بنائے ہیں۔ کراچی کنگز کے جیمز ونس دوسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 10 میچوں میں 374 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کے فخر زمان نے 369 رنز بنائے جس میں چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔
بولنگ میں کراچی کنگز کے محمد عباس آفریدی نے 17 وکٹیں حاصل کی ہیں اور فضل محمود کیپ ان کے پاس ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر اور کراچی کنگز کے حسن علی نے پندرہ پندرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جن شائقین نے ایلیمینیٹر 1، 2 اور فائنل کے ٹکٹ خریدے ہیں وہ متعلقہ میچوں کی نئی اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق انہیں استعمال کر سکتے ہیں جبکہ شائقین pcb.tcs.com.pk اور ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے کوالیفائرکے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔












