صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیرِ منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کیا اور انہیں اعتماد میں لیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادرِ وطن کا کامیابی سے دفاع کیا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ اُن کی بہادرانہ قیادت، اعلیٰ جنگی حکمت عملی اور قومی دفاع میں کلیدی کردار کے اعتراف میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی مکمل طور پر درست اور بروقت فیصلہ ہے۔
ملاقات میں بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی مؤثر اور فوری جوابی کارروائی پر مسلح افواج کی قیادت اور تمام افواج پاکستان کو سراہا گیا۔ شرکاء نے افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قومی دفاع میں جرات مندانہ کردار، اور مادرِ وطن کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔












