صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 74 ویں سالگرہ پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کی “ون چائنا پالیسی” کے اصولی مؤقف کا مضبوط حامی ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور تزویراتی تعاون کی شراکت داری میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار دوستی ہے، جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چینی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ چین نے پاکستان کی معاشی، سماجی اور دفاعی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پاک-چین اقتصادی راہداری (CPEC) کو دونوں ممالک کے تعلقات کی درخشاں مثال قرار دیا اور کہا کہ CPEC نے پاکستان کی معیشت، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے پر مثبت اثرات ڈالے ہیں۔
صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ تعلقات کو معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاک-چین سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر چینی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔











