اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن اور 14 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی بہادری اور عزم سے ملک میں امن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خلاف یہ مشترکہ قومی جدوجہد ہے۔ اسپیکر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے تعاون سے فتنہ الخوارج کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گی۔











