اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب 2027 کوالیفائرز – پاکستان بمقابلہ میانمار قومی فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب 2027 کے کوالیفائرز کے سلسلے میں پاکستان بمقابلہ میانمار اہم میچ کی تیاریوں کے لیے قومی فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔ کیمپ کی نگرانی ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹینٹائن کر رہے ہیں، جبکہ تربیتی سرگرمیاں آئندہ چند روز تک مزید جاری رہیں گی۔
قومی ٹیم 7 جون کی رات اسلام آباد سے میانمار روانہ ہوگی، جہاں وہ نجی ایئرلائن کے ذریعے بنکاک کے راستے یانگون پہنچے گی۔ پاکستان اپنا ہوم میچ 10 جون کو میانمار کے شہر یانگون میں کھیلے گا۔ یہ میچ تھوونا اسٹیڈیم میں ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3:30 بجے شروع ہوگا۔
یاد رہے کہ گروپ ای میں پاکستان کے ساتھ شام، میانمار اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ کوالیفائرز میں شمولیت کے لیے قومی ٹیم پرعزم ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے۔











