فوڈ سیکورٹی سنگین مسئلہ،ارباب اختیار کو توجہ دینی ہو گی:ایوب میریانی
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایوب میریانی نے کہا ہے کہ فوڈ سیکورٹی ایک سنگین مسئلے کی شکل اختیار کر چکا ہے جس پر ارباب اختیار کو فی الفور توجہ دینی ہوگی۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔غیر معمولی قحط، سیلاب، اور شدید گرمی زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے، جس سے خوراک کا تحفظ اور دیہی علاقوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔پاکستان کی آبادی چوبیس کروڑ سے زائد ہے اس کو ہم نے محفوظ کرنا ہے جس کیلئے زرعی زمینوں کو محفوظ کرنا ضروری ہے۔ انڈسٹریز روزگار کا بڑا ذریعہ مگر مستقبل کیلئے زرعی زمینوں کو بھی محفوظ بنانا ہوگا۔
صدر ایوب میریانی نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے بہاولپو میں شہر سے دور چولستان میں کام شروع کیا ہے زراعت کیلئے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔حکومت انڈسٹرلائزیشن ضرور کرے جو ریڑھ کی ہڈی اور روزگار کا بڑا ذریعہ ہے مگر زرعی محفوظ مستقبل کیلئے زرعی زمینوں کو بھی پروٹیکٹ کرے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، جس میں پانی کے بہتر استعمال اور موسمیاتی مزاحم فصلوں کی کاشت شامل ہو۔حکومت کوئٹہ چیمبر کیساتھ ملکر اس اہم مسئلے پر سیمینار کروا سکتی ہے جس میں اس کو اجاگر کیا جا سکے۔












