فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا خاتمہ،ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی خوش آئند ہے:سردار طاہر
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان سردار طاہر محمود اور جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق نے بجٹ میں تعمیراتی سیکٹر کو دئیے گئے ریلیف کو خوشگوار ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعمیراتی سیکٹر کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے اور ودہولڈنگ ٹیکس و اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی سے ملک کے تعمیراتی شعبے میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔یہ اقدامات جن کا مقصد ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبے کو فروغ دینا ہے نہ صرف ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کریں گے بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ کریں گے۔
پراپرٹی کی خرید و فروخت پر لگنے والی اسٹامپ ڈیوٹی میں کمی سے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں تیزی آنے کا امکان اور خوشگوار ہوا کا جھونکا ہے۔ جائیداد خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4 سے کم کرکے 2.5 فیصد، 2.5 اور 3.5 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد اور تین فیصد سے کم کرکے1.5 فیصد کرنے کی تجویز خوش آئند ہے۔کمرشل جائیدادوں ، پلاٹس اور گھروں کی منتقلی پر 7 فیصد کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے اور اسلام آباد کی حدود میں جائیداد کی خریداری پر اسٹامپ پیپر ڈیوٹی چار فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز بھی مثبت ہے۔












