شرح سود کو گیارہ فیصد پر برقرار رکھنا مایوس کن فیصلہ ہے:ایوب مریانی
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایوب مریانی نے اسٹیٹ بینک کیطرف سے شرح سود کو گیارہ فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانا ضروری ہے۔ بلند شرح سود قرضوں کی لاگت میں اضافہ کرتی ہے جس سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے پیش نظر شرح سود میں مزید جارحانہ کٹوتی کی گنجائش موجود تھی۔
صدر ایوب مریانی نے کہا کہ شرح سود کو فوری طور پر مزید کم کیا جانا چاہیے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی آئے اور پاکستانی برآمد کنندگان علاقائی و بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کر سکیں۔ کم شرح سود سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔ کاروباری برادری طویل عرصے سے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کر رہی ہے تاکہ کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔












