سعودیہ سے 2025کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستانیوں کی بڑی تعداد سمیت 17.5ملین سے زائد مسافروں کی آمد و رفت
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ)سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ سے سال2025کی پہلی ششماہی کے دوران 17.5ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا،جو کہ سال2024کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.2فیصد زائد ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق یہ اعداد وشمار سال2025کی پہلی ششماہی کیلئے سعودیہ کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہر سال پاکستان سے بڑی تعداد میں مسافر سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں،جو پاکستا ن کو سعودیہ کے عالمی نیٹ ورک میں اہم منزل بناتے ہیں۔پاکستانی مسافر مسلسل سعودیہ انتخاب کرتے ہیں، جس کی اہم وجوہات میں اس کی قابل اعتماد سروس، پرواز کے وسیع اختیارات، اور حج، عمرہ اور غیر ملکی سفر کی مخصوص ضروریات کے لیے اس کے موزوں انداز شامل ہیں۔ مسافروں کی یہ ترجیح نہ صرف سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مضبوط کرتی ہے بلکہ سعودیہ کی جاری عالمی توسیع کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
آپریشنل کارکردگی میں بہتری ایک لاکھ سے زائد پروازوں پر مشتمل فضائی آپریشن کے باعث ممکن ہوئی،جس میں چار براعظموں پر محیط وسیع نیٹ ورک میں شیڈول اور اضافی خدمات شامل ہیں، جس میں 4 فیصد کا اضافہ بھی دیکھا گیا۔ایوی ایشن انڈسٹری سے متعلق مستند اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے سیریم کی ایک رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر سعودیہ نے اس مدت کے دوران پرواز کے 293,500 سے زیادہ گھنٹے ریکارڈ کیے، جبکہ پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کی 89.6فیصد کی غیر معمولی شرح کو بھی برقرار رکھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایئر لائن مارچ اور جون 2025 دونوں میں پروازوں کی بروقت آمد و روانگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہی۔
دنیا کو مملکت سے جوڑنے کے اپنے مشن کے تحت سعودیہ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں سالانہ5فیصد اضافے کے ساتھ9.6 ملین سے زیادہ بین الاقوامی مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں کی آمدورفت کیں۔یہ اضافہ 43,700 سے زیادہ بین الاقوامی پروازوں پر مشتمل آپریشن کے باعث ممکن ہوا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہیں۔ڈومیسٹک سطح پر سعودیہ سے اس دوران10فیصد اضافے کے ساتھ56,400سے زائد پروازوں کے ذریعے 7.9 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا۔
یہ کامیابیاں قومی افرادی قوت کے تمام شعبوں،خاص کر آپریشنز، منصوبہ بندی، عملدرآمد اور کارکردگی کی نگرانی کے حوالے سے سعودیہ کے عزم اور مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔سعودیہ نے اعلی درجے کے ڈیجیٹل سسٹمز میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے ذریعے معیار اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے پر مزید توجہ دی ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کے سفری تجربے میں بہتری آئی ہے۔یہ عزم واضح طور پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم روٹ پر سعودیہ کے آپریشنز سے ظاہر ہوتا ہے،جو حجاج،تارکین وطن،اور آرام دہ سفر کے خواشمند مسافروں کیلئے مسلسل ترجیح اختیار کرتا جارہا ہے۔
سعودیہ کا موجودہ 148 طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑہ ملکی اور بین الاقوامی دونوں نیٹ ورکس پر مضبوط آپریشنل کارکردگی کا باعث ہے۔مستقبل قریب میں سعودیہ اپنے فضائی بیڑے میں مزید 117نئے طیاروں کی شمولیت کا منصوبہ رکھتا ہے،تا کہ پروازوں کی تعداد اور مسافروں کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے نئے شہروں سمیت مزید بین الاقوامی روٹس بھی شروع کئے جاسکیں۔ یہ پیش رفت سیاحت، تفریح، کھیلوں اور حج و عمرہ کی خدمات اورعلاقائی تعاون میں ایک اہم شراکت دار پاکستان کے ساتھ فضائی روابط کو بھی مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی مملکت کی قومی ترجیحات سے مطابقت رکھتی ہے۔












