امریکہ میں انٹرنیشنل کامبیٹ جو جِٹسو چمپئن شپ میں پاکستان کی شاندار کامیابی
لاہور (سید جاوید حسن شاہ) امریکہ میں ٹیم پاکستان نے انٹرنیشنل کامبیٹ جو جِٹسو چمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کیا۔ یہ ایونٹ گرینس بورو، نارتھ کیرولائنا، امریکہ میں منعقد ہوا۔پاکستانی کھلاڑیوں نے گرائونڈ کامبیٹ فائٹ میں اپنی طاقت اور مہارت کا لوہا منواتے ہوئے ملک کے لیے دو طلائی تمغے جیتے۔حسیب مصطفی 85کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل، جنہوں نے سیمی فائنل میں مراکش کے کھلاڑی کو شکست دی اور فائنل میں امریکہ کے کھلاڑی کو ہرا کر فتح حاصل کی۔عبدالحنان بٹ 93کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل، جنہوں نے فائنل میں امریکہ کے کھلاڑی کو شکست دے کر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
یہ شاندار کامیابی پاکستانی ایتھلیٹس کی محنت، نظم و ضبط اور عزم کا نتیجہ ہے۔ پوری ٹیم کو ان کی لگن اور عمدہ کھیل پر سراہا گیا۔ٹیم کے کوچ بابر اسماعیل بٹ نے کھلاڑیوں کو بہترین تربیت فراہم کی، جبکہ پاکستان کامبیٹ جو جِٹسو فیڈریشن کے صدر شاہ زیب نواز جنجوعہ نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرائونڈ کامبیٹ فائٹ میں یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو سہولتیں اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر شاندار کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
اس موقع پر نواب فرقان خان، پاکستان میں کامبیٹ گیمز کے سرپرست نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ گولڈ میڈلز ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیت اور ہمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان کی یہ فتوحات پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور ملک میں کامبیٹ اسپورٹس کے فروغ کے لیے نئی راہیں کھولیں گی۔ٹیم پاکستان کی یہ شاندار کامیابی دنیا میں کامبیٹ اسپورٹس کے میدان میں ایک اور سنگ میل ہے۔












