شہید میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا، وزیرِاعظم، وزراء اور آرمی چیف کی شرکت، آج ہم نے پاکستان کا ایک بہادر بیٹا کھو دیا ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کا شہید کو زبردست خراجِ عقیدت

اسلام آباد (غلام مرتضی )پاک فوج کے بہادر افسر میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ چکلالہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ وہ 2 ستمبر کو بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں علاج کے دوران سی ایم ایچ میں جامِ شہادت نوش کرگئے، نمازِ جنازہ میں وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وزیرِ دفاع، وزیرِ اطلاعات، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے علاوہ اعلیٰ فوجی و سول افسران اور شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔میجر عدنان اسلم شہید نے معرکہ کے دوران غیر متزلزل جرات اور قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جوانوں کو فرنٹ لائن پر خود کمان کیا۔ اُن کی بہادری اور استقامت نے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، وزیرِاعظم شہباز شریف نے شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کا ایک بہادر بیٹا کھو دیا ہے۔ میجر عدنان اسلم کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اُن کی جرات، حب الوطنی اور ایثار اس قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ وہ پاکستان کی بہترین روایات کے نمائندہ تھے، جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جان نچھاور کی، میجر عدنان کی شہادت اس عزم کی گواہی ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہے۔ شہید کو ان کے آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں