کسی اداکار یا شوبز شخصیت سے کبھی شادی نہیں کروں گی؛ ریشم
الی ووڈ کی معروف اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی اداکار یا شوبز شخصیت سے شادی نہیں کریں گی کیونکہ شوبز انڈسٹری میں ہونے والی شادیاں زیادہ عرصے تک نہیں چلتیں۔حال ہی میں اداکارہ ریشم نے صحافی ملیحہ رحمٰن کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ریشم نے شادی کے خوبصورت رشتے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ “آج کے دور میں میاں بیوی میں برداشت ختم ہوگئی ہے، اسی وجہ سے طلاق کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، یہ رشتہ برداشت سے ہی چلتا ہے، کہیں پر بیوی کو برداشت کرنا چاہیے اور کہیں پر شوہر کو بھی برداشت کرنا چاہیے کیونکہ بیوی پورے گھر کو سنبھالتی ہے”۔اداکارہ نے کہا کہ “ہمارے مذہب میں میاں بیوی کے رشتے کو بہت اہمیت حاصل ہے اور اسلام میں کامیاب شادی کے طریقے بھی بتائے گئے ہیں، اگر میاں بیوی اُن طریقوں کو اپناکر زندگی گزاریں گے تو یقیناََ اُن کا رشتہ مضبوط اور کامیاب ہوگا”۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ “شادی کے بعد کچھ رشتوں میں صورتحال سنگین ہوجاتی ہے جہاں میاں بیوی کا ساتھ رہنا ممکن نہیں ہو تو ایسے میں علیحدگی اختیار کرلینا ہی بہتر ہے”










