حکومت جاپان کی طرف سے پاکستان کے پولیو پروگرام کے لیے 3.5 ملین ڈالر کی گرانٹ کا اعلان
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): جاپان کی حکومت نے پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مسلسل تعاون جاری رکھتے ہوئے ضروری اورل پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 3.5 ملین امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (PEI) ان فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے 2026 میں پولیو مہم کے لیے ویکسین کی 24 ملین سے زائد خوراکوں کی خریداری کرے گا۔
پاکستان عالمی سطح پر ان دو ممالک میں سے ایک ہے جو ابھی تک پولیو وائرس کی منتقلی کو نہیں روک سکا ہے۔ 2025 میں اب تک پاکستان میں کل 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاعلاج بیماری کے خاتمے کی فوری کوشش میں حکومت پاکستان نے شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 2025-26 تیار کیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں پولیو کی منتقلی کو روکنا ہے۔
پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے پاکستان کی صحت کی ترجیحات کے لیے جاپان کے طویل مدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ بچوں کو قابل روک تھام کی بیماریوں سے بچانا کسی ملک کے مستقبل میں سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔ انھوں نے کہا اس تعاون کے ذریعے ہم پاکستان، یونیسیف اور تمام شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں جو پولیو کے خاتمے کے ہمارے مشترکہ مقصد کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نئی گرانٹ پی ای آئی کو پولیو ویکسین کی خریداری اور ترسیل کے لیے اہم فنڈ فراہم کرے گی۔
پاکستان میں جاہیکا کے چیف ناہوکی میاتا نے اس موقع پر ہر بچے کو ضروری پولیو ویکسین حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ ویکسینز بچوں اور کمیونٹیز کی حفاظت کے لیے سب سے زیادہ مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس سپورٹ کو فرنٹ لائن ورکرز کی لگن اور والدین اور کمیونٹیز کی شمولیت کے ذریعے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن فار پولیو ایریڈیکیش عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہمارا مشترکہ مقصد ہے اور جاپان کے تعاون سے ویکسین کی ہر خوراک ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے قریب لاتی ہے۔ ہم اپنے پروگرام اور اپنے فرنٹ لائن ورکرز پر جاپان کے مسلسل اعتماد کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ محترمہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جانب پاکستان کی پیشرفت میں جاپان کی حمایت بدستور اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس تعاون سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ہر بچہ چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، پولیو ویکسین حاصل کرے۔ ہم بچوں کے تحفظ، صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور پولیو سے پاک مستقبل کی تعمیر کے لیے یونیسیف، حکومت پاکستان، اور ملک بھر کی کمیونٹیز کے ساتھ جاپان کی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ جاپان کی حکومت پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دیرینہ شراکت دار ہے۔ 1996 سے جاپان نے پاکستان بھر میں یونیسیف کے زریعے لاکھوں بچوں کی حفاظت کے لیے 245 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں۔











