پی پی ایل کی آدم ویسٹST X-1، ہالہ بلاک، سندھ میں ورک اوورکی کامیابی سے تکمیل

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع مٹیاری، سندھ کے ہالہ بلاک میں واقع آدم ویسٹ فیلڈ کے کنوئیں آدم ویسٹST X-1 میں ورک اوور آپریشنز کی کامیاب انجام دہی کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی اس بلاک کی آپریٹر ہے اور 65 فیصد کاروباری شراکت کی حامل ہے، جبکہ شراکت دار ماری انرجیز لمیٹڈکے پاس 35 فیصد کاروباری شراکت ہے۔ آدم ویسٹ فیلڈ میں ہائیڈروکاربن کی دریافت ستمبر 2014 میں لوئر گورو فارمیشن میں آدم ویسٹX-1کنوئیں سے ہوئی، جو اس فیلڈ کا واحد کنواں ہے۔ جون 2015 میں کنوئیں سے پیداوار کا آغاز ہوا، تاہم 2019 میں پانی آنے کے باعث گیس کی پیداوار متاثر ہوئی اور بالآخر مکمل طور پر بند ہو گئی۔کنوئیں کی نچلی سطح پر پانی پیدا کرنے والے زونزکو الگ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، مگر کامیاب نہ ہو سکیں۔
اسی دوران ریزروائر ماڈل کے نتائج نے تصدیق کی کہ رگ کے ذریعے سائیڈ ٹریک تکنیکی اور تجارتی طور پر قابل عمل ہے۔ ورک اوور کا بنیادی مقصد کنوئیں کی سائیڈ ٹریک کے لحاظ سے کھدائی کرنا اور کنویں کو نیچے موجود پانی پیدا کرنے والے زونز سے اوپر مکمل کرنا تھا۔اکتوبر 2025 میں ورک اوور کی شروعات کے بعد، آدم ویسٹST X-1 کو کامیابی کے ساتھ ٹیسٹ کیا گیا، جس میں 540پی ایس آئی جی ویل ہیڈ پریشر اور 64/58 انچ چوک سائز پریومیہ تقریباً 8.5 ایم ایم ایس سی ایف گیس حاصل ہوئی۔ آدم ویسٹ X-1کا سائیڈ ٹریک ایک تکنیکی طور پر پیچیدہ اوردشوار منصوبہ تھا، جس میں نمایاں خطرات اور غیر یقینی صورتحال شامل تھیں۔ تاہم اس منصوبے کو تفصیلی منصوبہ بندی اور موثر حکمتِ عملی کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ رگ کو ہٹانے کے بعد کنوئیں کو جلد از جلد ہالہ فیلڈ کی پروسیسنگ سہولیات سے منسلک کر دیا جائے گا۔ کمپنی ملک کی توانائی کے تحفظ، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں