غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت ہے یا نہیں ؟ فیصلہ محفوظ
عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشریٰ بی بی کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی ، بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عدالت میں حاضری لگوائی ، خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل درخواست گزار رضوان عباسی نے کہا کہ عدالت میں دو گواہ پیش ہوئے، ایک نے وقوع آنکھوں سے دیکھا اور دوسرے کو بتایا، اس پر جج نے کہا کہ آپ قانون دیکھیں، قانون کیا کہتا ہے، قانون کے مطابق ایسے معاملے پرشکایت کنندہ کیساتھ 2 گواہوں کا ہونا ضروری ہے، قانون کے نزدیک شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔جج نے کہا کہ قانون واضح ہے جنہیں ہم تبدیل نہیں کر سکتے، فیصلے تب ضرورت ہوتے ہیں جب قانون واضح نہ ہو۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میرے دلائل سن لیں، میں نے سپریم کورٹ جانا ہے، گھر میں خاتون ملازمہ بھی تھی جو ٹرائل میں بطور گواہ شامل ہوسکتی ہیں۔
جج نے کہا کہ خاور مانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، بیان میں کچھ بھی نہیں، قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ 2 گواہان لازم ہیں۔وکیل درخواست گزار نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی ، اس پر جج نے کہا کہ خاور مانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بنا سکتے نا، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نکاح خواں بھی موجود ہے، چشم دید گواہ بھی اور سننے والا بھی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔












