پی ٹی اے کے ہفتہ آگاہی برائے سائبر سیکیورٹی 2025 کی اعلیٰ سطحی اختتامی تقریب کے ساتھ کامیاب تکمیل
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے ہفتہ آگاہی برائے سائبر سیکیورٹی 2025 کی کامیاب تکمیل اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اختتامی تقریب کے ذریعے کی۔ یہ ملک گیر آگاہی مہم 11 تا 17 دسمبر 2025 تک جاری رہی، جس کا مقصد عوام میں سائبر ہائجین، ڈیجیٹل تحفظ اور مستند معلومات سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ اختتامی تقریب میں سینئر سرکاری حکام، بین الاقوامی شراکت داروں، ٹیلی کام آپریٹرز، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ ) حفیظ الرحمٰن نے اپنے افتتاحی خطاب میں سائبر سیکیورٹی کو پاکستان کے ڈیجیٹل سفر کا ایک بنیادی ستون قرار دیا۔ انہوں نے سائبر خطرات، مستند معلومات اور ڈیجیٹل فراڈ سے نمٹنے کے لیے پی ٹی اے کے ریگولیٹری اقدامات، عوامی آگاہی مہمات اور کثیر فریقی شراکت داریوں پر روشنی ڈالی اور صارفین کے اعتماد کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، جناب عطا اللہ تارڑ نے ذمہ دارانہ ڈیجیٹل ابلاغ اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کے مؤثر انسداد اور مستند معلومات کے تحفظ کے لیے مشترکہ اور مربوط کاوشیں ناگزیر ہیں۔ یو این ڈی پی پاکستان کے ریزیڈنٹ نمائندے، ڈاکٹر سیموئیل رزق نے اس موقع پر کہا ،جیسے جیسے پاکستان اپنے ڈیجیٹل ریگولیٹری نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے، ضرورت اس امر کے ہے کہ ایسے حفاظتی اقدامات متعارف کرائے جائیں جو شہریوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے مابین توازن قائم رکھیں۔ تقریب کے دوران ٹیلی کام سیکٹر شوکیس کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں آپریٹروں نے سائبر سیکیورٹی آگاہی کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والے اداروں کو سراہا گیا۔ پی ٹی اے نے تعاون، جدت اور اجتماعی ذمہ داری کے ذریعے سائبر سیکیورٹی آگاہی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔












