سپریم کورٹ: فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل جاری رکھنے کی اجازت، ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کالعدم قرار دینےکا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل 6 رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل، سلمان اکرم راجہ اور اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس طارق کا بینچ سے الگ ہونے سے انکاردرخواستگزار سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے بینچ کے سربراہ جسٹس سردارطارق پر اعتراض کر رکھا تھا جس پر جسٹس طارق نے بینچ سے الگ ہونے سے انکار کردیا۔سماعت کے آغاز پر جسٹس طارق نے فریقین کے وکلا سے سوال کیا کہ آپ کو نوٹس کیا ہے کسی نے؟ اس پر اعتزاز احسن نےکہا کہ نوٹس سے پہلے ججز پر اعتراض ہو تو اس پر دلائل ہوتے ہیں، اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ فریقین کے وکلا کا اعتراض بے بنیاد ہے پہلے میرٹس پرکیس سنیں، نوٹس کے بعد اعتراض اٹھایا جاسکتا ہے۔جسٹس طارق نے وکلا سے سوال کیا کہ کس نے اعتراض کیا ہے؟ اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اعتراض جواد ایس خواجہ نے کیا ہے، جسٹس طارق نے جواب دیا کہ جواد ایس خواجہ کا اپنا فیصلہ ہےکہ جج کی مرضی ہے وہ اعتراض پربینچ سے الگ ہویانہ ہو، میں نہیں ہوتا بینچ سے الگ،کیا کرلیں گے؟










