ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (EFP) نے محمود ارشد کو اکنامک کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا

کراچی (نمائندہ خصوصی): ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (EFP) کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے حالیہ اجلاس میں محمود ارشد کو اکنامک کونسل کا چیئرمین مقر کیا ہے۔ محمود ارشد جو پہلے ہی ای ایف پی بورڈ کے رکن ہیں، اقتصادی سفارت کاری، مالیاتی خدمات اور کارپوریٹ قیادت کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت پاک قطر گروپ میں بطور گروپ ایگزیکٹو ڈائریکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں اور متعدد مقامی و بین الاقوامی تنظیموں کے بورڈز کا حصہ بھی ہیں۔
​ای ایف پی کی قیادت نے اس تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ محمود ارشد کی مہارت اور وژن سے اکنامک کونسل کے کردار کو مزید تقویت ملے گی، بالخصوص پالیسی سازی اور ملک میں پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے ان کی خدمات کلیدی ثابت ہوں گی۔
​اپنے نئے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے محمود ارشد نے کہا کہ اکنامک کونسل پاکستانی معیشت کی بہتری، برآمدات میں اضافے اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں حالیہ جیو پولیٹیکل تبدیلیوں نے پاکستان کی تزویراتی اور معاشی اہمیت کو مزید نمایاں کر دیا ہے، لہٰذا کونسل اب ان نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور ملکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے اقدامات پر خصوصی توجہ دے گی۔
​ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ وہ نجی شعبے اور پالیسی سازوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنا کر معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں